5 فروری 2015
وقت اشاعت: 8:46
دبئی میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات کامیاب
جیو نیوز - دبئی .........پاکستان نے آئی ایم ایف کو واضح کردیا ہے کہ بجلی اور گیس کے نرخوں میں تبدیلی نہیں کی جائے گی اور نیشنل ایکشن پلان اور آئی ڈی پیز کے لیے 150 ارب روپے کی ضرورت ہے۔ آئی ایم ایف مارچ کے آخر میں پاکستان کو 55 کروڑ ڈالر فراہم کرسکتا ہے۔دبئی میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں۔ آئی ایم ایف وفاق کے اخراجات میں 150 ارب روپے کے اضافے پر رضامند ہوگیا ہے اور یہ 150 ارب روپے قومی ایکشن پلان اور دیگر اخراجات پر خرچ ہوں گے۔ اس لیے مالیاتی خسارہ 4.9 فی صد سے بڑھ کر 5 فی صد سے زائد ہوسکتا ہے۔ ٹیکس ہدف میں 60ارب روپے کمی پر پاکستان اور آئی ایم ایف نے اتفاق کیا ہے، جون تک ٹیکس کا ہدف 2750 ارب روپے رکھنے پر اتفاق ہوا ہے ۔ پیٹرول سستا ہونے سے ٹیکس آمدنی 68 ارب روپے کم ہوسکتی ہے تا ہم سیلز ٹیکس میں اضافے سے 28 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ پاکستان نے واضح کردیا ہے کہ بجلی اور گیس کے نرخ میں رد و بدل نہیں کیا جائے گا۔ مذاکرات کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب ڈالر سے زائد ہوگئے ہیں اور پاکستان رعایتی قرضوں کا حق دار بن گیا ہے۔ 2013 کے بعد سے معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ پاکستان نے ستمبر 2013 میں آئی ایم ایف سے 6.6 ارب ڈالر کا پروگرام لیا تھا اور اب تک پانچ قسطوں میں پاکستان کو دو ارب 65 کروڑ ڈالر مل چکے ہیں اور مارچ کے آخر میں پاکستان کو 55 کروڑ ڈالر کی نئی قسط جاری کی جاسکتی ہے۔