1 جون 2011
وقت اشاعت: 9:39
چنیوٹ:کتوں کی لڑائی کااہتمام،کروڑوں کا جوا
چنیوٹ : چنیوٹ کے علاقے اڈہ جامعہ آباد میں علاقے کی بااثر شخصیات نے کتوں کی لڑائی کا اہتمام کیا، جس میں ملک بھر اور آزاد کشمیر سے کتے لائے گئے۔ اور اس لڑائی کو سیکیورٹی فراہم کی ایلیٹ فورس نے ۔
جامعہ آباد میں کتوں کی لڑائی کا میدان لگا تو لگا کروڑوں روپے کا جوا بھی، کتوں کی لڑائی کے اہتمام کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پنڈال تقریباً سولہ ایکڑ رقبے پر محیط تھا، اور ان تمام انتظامات پر لاکھوں روپے خرچ کئے گئے۔
اس پر ستم یہ کہ پولیس چوکی جامعہ آباد کی نفری اور ایلیٹ فورس کی دو گاڑیاں کتوں کی لڑائی کیلئے سجے پنڈال کی سیکیورٹی کیلئے موجود تھیں، جہاں اسلحے کی کھلے عام نمائش ہوتی رہی۔ پولیس اہلکار کتوں کی لڑائی سے محظوظ بھی ہوتے رہے اور اس غیر قانونی کام کو تحفظ بھی فراہم کرتے رہے۔