تازہ ترین سرخیاں
 دلچسپ خبریں 
1 جون 2011
وقت اشاعت: 10:49

بہت زیادہ پانی پینا صحت کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے،ماہرین

میلبورن: بہت زیادہ پانی پینا صحت کیلئے اتنا ہی خطرناک ہے جتنا کہ ضرورت سے کم پانی پینا۔ آسڑیلیا کے میڈیکل جرنل میں حالیہ شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بہت زیادہ پانی پینا صحت کیلئے اتنا ہی برا ہو سکتا ہے جتنا کہ ضرورت سے کم پانی پینا۔ تحقیق کے مطابق ضرورت سے زیادہ پانی کے استعمال سے ایک ایسی کیفیت پیدا ہوتی ہے جس میں بہت زیادہ پانی پینے سے جسم میں موجود سوڈیم کی ضروری مقدار خطرناک حد تک رقیق ہو جاتی ہے جو الٹیوں، سرسام یہاں تک کہ موت کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ اس تحقیق کیلئے ماہرین نے ان آسٹریلوی باشندوں کے صحت سے متعلق مسائل کا جائزہ لیا جنہوں نے پاپوا نیوگنی میں واقع ٹریل کا 96 کلو میٹر فاصلہ پیدل طے کیا تھا۔



ان کی تحقیق میں 48 سالہ ایک ایسی خاتون کا کیس وضاحت سے بیان کیا گیا ہے جنہیں یہ فاصلہ پیدل طے کرنے کے دوسرے دن سر میں شدید درد کی شکایت پیدا ہو گئی تھی۔ اس خدشے کے پیش نظر کہ انہیں ڈی ہائیڈریشن یا جسم میں پانی کی کمی کا سامنا ہے، خاتون نے سات لیٹر پانی چند گھنٹوں کے دوران پی لیا۔ اس کے بعد الٹیوں اور سر چکرانے کی شکایت کے بعد وہ کوما میں چلی گئیں۔ ان کے ساتھ موجود ڈاکٹروں نے ان کی اس کیفیت کی وجہ ای اے ایچ تشخیص کی تاہم بروقت طبی امداد کی فراہمی کے بعد اس خاتون کی جان بچ گئی۔ تحقیقی رپورٹ میں ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگوں کو ضرورت سے زیادہ پانی کے استعمال کے حوالے سے محتاط رہنا ہوگا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.