13 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:56
کراچی: 6افراد ہلاک ،گلستان جوہر میں سرچ آپریشن
اے آر وائی - کراچی : پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے گلستان جوہر رابعہ سٹی اور فراز کمپلیکس میں سرچ آپریشن شروع کر دیا، متاثرہ علاقے کو پولیس اور رینجرز نے گھیرے میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں چھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کھارادر کے علاقے میں مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ گلشن اقبال ابوالحسن اصفحانی روڈ پر نامعلوم افرادنے ایک دکان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہاں بیٹھے ہوئے دو افراد صفور اور زین جاں بحق ہوگئے، واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیااوردکانیں اور مارکیٹیں بند ہوگئیں ۔
واقع کے تھوڑی دیر بعدگلستان جوہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مزید دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ گلستان جوہر میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے، قبل ازین شیرشاہ ایک شخص کی بوری بند تشدد زدہ لاش ملی جس فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔