30 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:7
سانحہ کلر کہار:ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست
اے آر وائی - لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ کلر کہار کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب اور اعلیٰ بیوروکریسی سے دس روز میں جواب طلب کرلیا۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی عدالت میں درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانپسورٹ کے شعبہ میں بااثر سیاسی شخصیات کی اجارہ داری کی وجہ سے آج تک موثر قانون سازی نہیں کی جاسکی۔ عدالت معاملہ کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے کر ذمہ داروں کو سخت سزا دے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ انسانی جانوں کے ضیاع کا معاملہ ہے اس کا باریک بینی سے جائزہ لیں گے۔ جبکہ عدالت نے حکم دیا کہ موٹر وہیکل آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا تدارک کیا جاسکے۔ عدالت نے مواصلات، ٹرانسپورٹ اور ہوم کے سیکرٹریز کے علاوہ چیف سیکرٹری سے دس روز میں تفصیلی جواب طلب کرلیا۔