تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
1 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 10:31

کراچی کے عوام کویرغمال بننے نہیں دینگے،شرجیل میمن

اے آر وائی - اطلاعات و نشریات کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کو اسلحہ کے زور پر یرغمال نہیں بننے دیا جائیگا۔ ٹارگٹ کلرز چوہے ہیں کچھ گرفتار اور باقی بلوں میں چھپ گئے ہیں۔



صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس عید قرباں پر کراچی کے شہریوں سے کوئی بھی قربانی کی کھالیں نہیں چھین سکے گا، محکمہ اطلاعات سندھ میں قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے اراکین سے تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ کراچی کی عوام اس سال اپنی مرضی سے قربانی کی کھالیں دے سکیں گے، گن پوائنٹ پر کھالیں چھیننے والوں کو عوام اور حکومت جوتے ماریں گے۔



ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو ہتھیاروں اور کلاشنکوف کے زور یرغمال نہیں بننے دیا جائے گا شہر کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آدھے چوہے پکڑے گئے ہیں آدھے بلوں میں گھس گئے ہیں۔ موجودہ حکومت نے ایسے دہشتگرد گرفتار کئے ہیں جو گذشتہ بیس سے پچیس سالوں میں گرفتار نہیں کئے یہ ہماری بڑی کامیابی ہے ۔



ان کا کہنا تھا کہ آفاق احمد سے پیپلزپارٹی کو کوئی سیاسی خطرہ نہیں، پیپلزپارٹی کے کوئی دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں، آفاق احمد کی جان کو خطرہ ہے اس لئے ان کو نظر بند کیا ہے جب صورتحال معمول پر آجائے گی تو ان کو رہا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کو سیکیورٹی بڑھانے پر پیش کش کی ہے تاہم انہوں نے سیکیورٹی لینے سے انکار کردیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.