4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 17:2
فیصل آباد:پچیس سالہ مغویہ برآمدگی کے بعد زندگی ہار گئی
اے آر وائی - فیصل آباد میں چار ماہ قبل اغوا کی جانے والی وارث پورہ کی رہائشی دو بچوں کی ماں، پچیس سالہ ذکیہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں چل بسی۔
ایک ماہ تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے والی ذکیہ کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ اغوا کار اُسے زہریلی اور نشہ آور اشیاء کھلاتے رہے جس سے اس کی حالت خراب ہو گئی ۔ سلمیٰ ٹاؤن کے رہائشی محنت کش سلیم نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اس کی 25 سالہ بہن کا ایک کمسن بیٹا اور ایک بیٹی ہے ۔ کچھ عرصہ قبل ملزمان نے ذکیہ کو اغوا کر لیا اور اسے زہریلی اور نشہ آور اشیاء کھلاتے رہے ، بعد میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے مغویہ کو برآمد کر لیا لیکن کسی ملزم کو گرفتار نہ کیا۔
ملزموں نے اُلٹا ذکیہ کے خاوند جمیل کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کروا دیا ۔اور فہد کے ساتھ شادی کا جعلی نکاح نامہ بنا کر پیش کر دیا ۔ ذکیہ ایک ماہ تک مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج رہنے کے بعد آج ڈی ایچ کیو ہسپتال میں دم تور گئی ۔ ذکیہ کے لواحقین نے مطالبہ کیا کہ اغوا کاروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی درج کیا جائے ۔