10 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 6:15
راولپنڈی میں ملزمان کی پانچ سالہ بچی سے زیادتی
اے آر وائی - راولپنڈی میں غریب محنت کش قوت سماعت اور گویائی سے محروم والدین کی پانچ سالہ معصوم بچی کو اغوا کے بعد نامعلوم سفاک ملزمان زیادتی کا نشانہ بناکرفرار ہوگئے۔
زیادتی کا نشانہ بننے والی بچی کے والدین کے پاس بچی کو طبی امداد دلوانے کے لئے سرکاری اسپتال لے جانے کے لئے بھی پیسے نہیں تھے اہل محلہ نے چندہ جمع کرکے بچی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پہنچایا۔ اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد مقامی تھانہ آر اے بازار پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
زیادتی کا نشانہ بننے والی پانچ سالہ معصوم بچی کے والد، والدہ اور ایک کم سن بھائی قوت سماعت اور گویائی سے محروم ہیں۔ پڑوسیوں نے اےآر وائی نیوز کو بتایا کہ یہ واقعہ تھانہ آر اے کے علاقے غازی آباد میں پیش آیا۔ نامعلوم ملزمان نے بچی کو گھر کے باہر اس وقت اغوا کیا جب وہ مٹی کے کھلونوں سےکھیل رہی تھی۔
زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اسے پھینک کر فرار ہوگئے۔ اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد حکومت پنجاب نے واقعے کا سخت نوٹس لیا۔ اے آر وائی نیوز نے بچی سے زیادتی کی خبر سب سے پہلے نشر کی۔