11 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:14
جڑانوالہ زیادتی کیس: تین ملزمان گرفتار،ایک فرار ہوگیا
اے آر وائی - جڑانوالہ میں میٹرک کی طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے تین ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک ملزم فرار ہوگیا۔ متاثرہ لڑکی کے والد عبدالغفور نے جڑانوالہ سٹی تھانہ میں درخواست جمع کرائی کہ ان کی بیٹی کو اس کی سہیلی نادیہ یوسف دھوکے سے اپنے گھر لے گئی جہاں اس کے بھائی ندیم یوسف نے تین ساتھیوں نعمان، عثمان اور رضوان کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
حالت خراب ہونے پر ملزمان اسے کینال روڈ پر واقع جناح پارک کے گیٹ کے سامنے پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے ندیم یوسف، نعمان اور عثمان کے علاوہ نادیہ یوسف کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے نمونے لیبارٹری روانہ کردئیے گئے۔
ابتدائی رپورٹ میں لیڈی ڈاکٹر نے تحریر کیا ہے کہ لڑکی کے جسم پر ظاہری نشان موجود نہیں۔ ملزمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے فائزہ کو اغوا نہیں کیا وہ پہلے بھی اکثر گھر سے باہر رہتی ہے۔