18 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 10:53
لاہور، نوجوان نے کالج کی طالبہ قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی
اے آر وائی - لاہور کی معروف شاہراہ جیل روڈ پر مبینہ عاشق نے فائرنگ کرکے کنئیرڈ کالج کی طالبہ کو قتل کردیا اور خود کو کنپٹی پر گولی مار کر خود کشی کرلی۔ واقعہ کے بعد کنئیرڈ کالج کی طالبات میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ثمر ہ واسطی جوکہ آئی سی ایس کی طالبہ اور لیاقت آباد کی رہائشی تھی اس کو شمس العالم نامی شخص نے جو کہ جناح کالونی سرگودھا کا رہائشی تھا اُس وقت گولی کا نشانہ بنایا جب وہ اوور ہیڈ پل سے سڑک پار کرنے کے لئے داخل ہی ہونے والی تھی ۔ زخمی لڑکی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی ۔ واقعہ کے بعد پولیس بار ہا بے حسی کا مظاہرہ کرتی رہی اور ثمرہ کی لاش کی مسلسل بے حرمتی کرتے ہوئے اس کے بازووں اور ٹانگوں سے پکڑ کر گھسیٹتی رہی جبکہ لوگوں کا کہنا تھا کہ لاش کو خاتون پولیس اہلکاروں کو اٹھانا چاہیے تھا ۔
تفصیلات کے مطابق ثمر ہ واسطی جاویدنامی شخص کی بیٹی ہے جو ریلوے ملازم ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شمس کی فائرنگ سے ایک بشیر نامی شخص بھی زخمی ہوا جس کی پولیس تصدیق نہیں کررہی جبکہ پولیس کا یہ کہنا ہے کہ مرنے والوں کی نشاندہی ان کے شناختی کارڈز سے کی گئی اور بظاہر یہ قتل کوئی ذاتی معاملہ لگ رہا ہے تاہم کیس سے متعلق مزید انکشافات پوسٹمارٹم اور انکوائری کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔