4 نومبر 2011
وقت اشاعت: 16:48
کراچی: قومی ادارہ امراض اطفال سے نومولود بچہ لاپتہ
اے آر وائی - کراچی میں قومی ادارہ امراض اطفال سے پیدائش کے چند گھنٹوں بعد ایک بچہ لاپتہ ہوگیا جس کے بعد اسپتال انتظامیہ اور پولیس تاحال بچے کو بازیاب نہ کراسکے۔ بچے کے والد راحب علی کو جب انکے بچے کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی تو ان شدت غم سے نڈھال ہوگئے اور انہوں نے صدر ووزیراعظم و چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتالوں سے بچے کے لاپتہ ہونے کا فوری نوٹس لیا جائے۔
اس موقع پر این آئی سی ایچ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضا نے قومی ادارہ امراض اطفال کی نرسری اور وارڈ کا معائنہ کیا اور بچے سے لاپتہ ہونے سے متعلق معلومات حاصل کی۔ بچے کے والد راحب علی کا کہنا ہے کہ ساڑھے بارہ بجے ان کو یہ اطلاع دی گئی کہ ان کا بچہ نرسری میں موجود نہیں ہے۔ بعد ازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچے کے والد کا بیان قلم بند کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے این آئی سی ایچ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضانے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام امور کا باغور جائزہ لیا جارہا ہے کہ اس واقعہ کے اندر اور بھی لوگ ملوث ہوسکتے ہیں جبکہ اسپتالوں کے سی سی ٹی وے کیمرے کے ذریعے بھی مدد حاصل نہیں کی جاسکتی کیونکہ وہ صرف باہر کی کوریج کرسکتے ہیں۔