18 نومبر 2011
وقت اشاعت: 13:57
راولپنڈی کیس:گرفتار ملزمان کا دس روزہ جسمانی ریمانڈ
اے آر وائی - راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک نے ضلع کچھری راولپنڈی کیس میں گرفتار تین ملزمان کا دس روزہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے ملزمان کو پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
تینوں گرفتار ملزمان کو کڑے پہرے میں بکتر بند گاڑی میں عدالت پہنچایا گیا۔ ملزمان نے دو روز قبل دیرینہ دشمنی پر کچہری آئے ہوئے اپنے مخالفین پر فائرنگ کرکے چار افراد کو قتل کردیا تھا۔ دوسری جانب ضلع کچہری راولپنڈی میں واقعہ کے بعد سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور پولیس کا تمام عملہ تبدیل کردیا گیا ہے تاہم سی پی او راولپنڈی کے حکم کے باوجود بخشی خانہ کا عمل تبدیل نہیں کیا گیا۔
راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کی کال پر آج وکلا نے عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نے ضلع کچہری کی سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لینے کے لیے اجلاس طلب کیا جس میں پولیس اور انتظامیہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔