19 نومبر 2011
وقت اشاعت: 14:15
کراچی:خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشتگرد کی تفصیلات جاری
اے آر وائی - کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں رینجرز کے چھاپے کے دوران خود کو دھماکہ کرکے اڑانے والے مبینہ دہشت گرد کی کچھ تفصیلات ایک روز بعد جاری کردی گئیں ہیں ۔
رینجرز نے جو تفصیلات جاری کیں وہ اے آروائی نیوز واقعہ والے دن ہی نشر کرچکا ہے۔ رینجرز ترجمان کے مطابق خود کو اڑانے والا شخص کا نام معید عبدالسلام تھا۔ فلیٹ سے اس کے چار بچوں کو باحفاظت تحویل میں لے لیا گیا جن کو اس کی بیوی کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ مبینہ دہشت گرد کے فلیٹ سے دہشت گردی سے متعلق دستاویزات بھی ملیں ۔ دہشت گرد کے پاکستانی اور یو ایس کے پاسپورٹ ملے ہیں ۔ پاسپورٹس کے مطابق وہ کئی ممالک آتا جاتا رہاہے ۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق دہشت گردکی ہلاکت دھماکہ سے ہوئی ۔ دہشتگرد کے ڈی این اے کے سیمپل فنگر پرنٹس حاصل کرلئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے ۔ تاہم رینجرز نے دہشت گرد کا تعلق کسی گروہ سے تھا یہ تاحال ظاہر نہیں کیا ہے۔