9 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 16:24
صحافی فیصل قریشی کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا گیا ہے
اے آر وائی - لاہور میں دو ماہ قبل قتل ہونے والے صحافی فیصل قریشی کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا گیا ہے ، قتل کرنے والا شخص مقتول کے بچپن کا دوست نکلا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن عبدالرزاق چیمہ نے انکشاف کیا کہ ملزم کا نام فیصل حمید قریشی ہے جو صحافی فیصل قریشی کے بچپن کا دوست تھا اور قتل کا واقعہ لین دین کے تنازعے پر پیش آیا ،ملزم فیصل حمید قریشی نے موٹر سائیکل کرائے پر لی تھی جو چوری ہو گئی، موٹر سائیکل کے مالک اشتیاق احمد نے اس سے پچاس ہزار روپے مانگے ملزم نے اپنے بھائیوں سے بیس ہزار روپے لے کراشتیاق دیدئے مگر باقی رقم کا بندوبست نہ کر سکا جس پر اس نے اپنے دوست صحافی فیصل کے اے ٹی ایم سے پیسے نکلوا کر اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
مقتول کی طرف سے اے ٹی ایم کارڈ نہ دینے پر اس نے چھریوں کے وار کر کے اسے قتل کر دیا اور اے ٹی ایم کے ذریعے رقم نکلوا لی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے میڈیا کو بتایاکہ تفتیش سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ اس قتل میں کسی سیاسی پارٹی کا کوئی ہاتھ نہیں جبکہ ملزم سے ایک لیپ ٹاپ، دو موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈبرآمد کیا گیا ہے۔