18 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 11:47
فیصل آباد:مغوی بچہ قتل، ورثاکا احتجاج، دو ملزم بھائی گرفتار
اے آر وائی - فیصل آبادمیں تین سالہ بچے کو اغوا کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا گیا۔ لواحقین نے مقتول کی لاش کے ہمراہ احتجاج، ٹائر جلا کر جھنگ روڈ بلاک کر دی ۔ دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
نواحی علاقے کلاسنا کے رہائشی رکشہ ڈرائیور سجاد کا تین سالہ بیٹا عرفان جمعہ کی دوپہر لاپتہ ہوا جو تلاش کے باوجود نہ ملا ۔ آج صبح سجاد رکشہ لے کر گھر سے نکلا تو اس نے علاقے کے رہائشی دو بھائیوں شعیب اور احسن کو مشکوک حالت میں اپنے گھر سے ملحقہ احاطے کے باہر کھڑے دیکھا۔ سجاد نے جب احاطے میں جھانکا تو وہاں ایک بوری اور خون نظر آیا ۔ بوری کھولنے پر مغوی بچے کی لاش ملی۔ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جنہیں پولیس نے بعد میں گرفتار کر لیا۔
واقعے پر انچارج پولیس چوکی رشید آباد اور محرر کو معطل کردیا گیا جبکہ پولیس کے مطابق گرفتار بھائیوں نے بچے کے قتل کا اعتراف کر لیا۔