24 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 13:56
ڈیرہ غازی خان:سینٹرل جیل میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی
اے آر وائی - ڈیرہ غازی خان سنٹرل جیل میں قیدیوں نے مبینہ تشدد اور جیل حکام کے رویئے کے خلاف احتجاج اورہنگامہ آرائی کی۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل ڈی جی خان میں بعض قیدیوں نے مبینہ تشدد اور مینویل کے مطابق خوراک فراہم نہ کرنے پر احتجاج کیا۔اس دوران قیدی بیرکوں کی چھت پر چڑھ گئے اور جیل حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔
احتجاج ختم کرانے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا، اور ہوائی فائرنگ کی ۔دوسری جانب قیدیوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔جیل حکام کا کہنا ہے کہ حالات قابو میں ہیں۔سنٹرل جیل ڈی جی خان میں سولہ سو سے زائد قیدی موجود ہیں جبکہ اس میں آٹھ سو قیدیوں کی گنجائش ہے ۔آخری اطلاعات آنے تک احتجاج جاری تھا۔