30 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 6:19
کراچی: رینجرزاہلکار سمیت3افرادہلاک،مبینہ ٹارگٹ کلرگرفتار
اے آر وائی - سی آئی اے پولیس نے کراچی کے علاقے محمود آباد چنیسر گوٹھ سے دس سے زائد افراد کے قتل میں ملوث ملزم کو مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔ فائرنگ کے مختلف واقعات میں رینجرز اہلکار سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے چنیسر گوٹھ میں کارروائی کی تو ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ کے بعد ملزم جمال خاص خیلی کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ملزم منشیات فروشی، قتل اور اقدام قتل جیسی دیگر وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد ہوا ہے۔
دوسری جانب فائرنگ کے واقعات میں رینجرز اہلکار سمیت تین افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔ ایم اے جناح روڈ پر فائرنگ سے تیس سالہ نوید اور پینتس سالہ اشرف زخمی ہو ئے جنہیں سول اسپتال پہنچایا گیا ۔ تا ہم اشرف زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے جاں بحق ہو گیا ۔ کراؤن سینماکے قریب نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے ۔ لائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ سے رینجرز کا اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا ۔