31 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 5:52
ڈاکٹرسلیم کھرل کا قتل،جناح اسپتال کے تمام شعبے احتجاجاً بند
اے آر وائی - ڈاکٹر سلیم کھرل کے قتل کے خلاف آج جنا ح اسپتال کراچی کے تمام شعبے احتجاجاً بند رہے گے جبکہ سلیم کھرل کی تدفین آج خیرپورمیں ہوگی۔ انہیں کراچی کے علاقے گذری میں گزشتہ رات نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ وہ جناح اسپتال کے شعبہ پیتھالوجی کے انچارج تھے ۔ قتل کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
سلیم کھرل سندھ اسمبلی کے سابق رکن نعیم کھرل کے بھائی تھے۔ وہ جمعہ کی رات اپنے اہل خانہ کے ساتھ ایک شادی میں شرکت کے بعد گھر واپس آرہے تھے کہ ان کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے
ادھر جناح اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ آج یعنی ہفتے کے روز احتجاجاً جناح اسپتال کے تمام شعبہ جات اور او پی ڈی بند رہیں گے جبکہ شعبہ حادثات معمول کے مطابق خدمات انجام دیتا رہے گا۔