31 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 7:25
ڈاکٹر سلیم کھرل کا قتل، اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم
اے آر وائی - صدر آصف علی زرداری نے کراچی میں ڈاکٹر سلیم کھرل کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت سندھ سے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرانے کی ہدایت دی ہے۔ صدر زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ پیپلزپارٹی ڈاکٹر سلیم کھرل کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہے۔
دوسری جانب کراچی میں گزشتہ شب فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے جناح اسپتال کے ڈاکٹر سلیم کھرل کی میت ان کے آبائی گاؤں خیرپور پہنچادی گئی ہے جہاں ممتاز گراوٴنڈ میں آج سہ پہر ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور پیپلزپارٹی کے دیگر وزراء اراکین اسمبلی ڈاکٹر سلیم کھرل کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے خیرپور روانہ ہوگئے ہیں۔ڈاکٹر سلیم کھرل پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی نعیم کھرل کے بھائی تھے جنھیں گذشتہ شب پنجاب چورنگی پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔