1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 17:53
قائم علی شاہ نے پیر پگارہ کی عیادت کی
اے آر وائی - وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے حروں کے روحانی پیشوا اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا کی مقامی اسپتال میں عیادت کی ۔ سید قائم علی شاہ نے پیر پگارا کے صاحبزادوں پیر صبغت اللہ شاہ عرف راجہ سائیں، پیر صدر الدین شاہ راشدی سے ملے اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے بھی ان کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پیر صبغت اللہ شاہ اور پیر صدر الدین شاہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ پیر صاحب پگارا کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹروں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو پیر صاحب پگارا کی طبیعت کے بارے میں بتایا۔ صوبائی وزیر جام مدد علی، سابق وزیر جام معشوق علی اور وزیر اعلیٰ سندھ کے سیاسی کوآرڈینیٹر ابو بھائی بھی موجود تھے ۔ پیر صاحب پگارا کچھ ماہ سے علیل ہیں اور آغا خان اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔