8 جنوری 2012
وقت اشاعت: 13:25
کوئٹہ :بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج،سندھ پنجاب شاہراہ بند
اے آر وائی - بلوچستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور زرعی ٹیوب ویل سبسڈی کے خاتمےکے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے سندھ اور پنجاب جانے والی شاہراہیں بلاک کردیں جس سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
احتجاج کی کال نیشنل پارٹی نےکوئٹہ،مستونگ،قلات،خضداراور بولان سمیت صوبہ بھر میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور زرعی ٹیوب ویلوں پر سبسڈی کے خاتمے کےخلاف دی تھی ۔ پارٹی کے درجنوں کارکنوں نے لک پاس،دشت اور دیگر مقامات پر سندھ اور پنجاب جانے والی شاہراہوںپر ٹائر جلائے۔ جس کے باعث سینکڑوں گاڑیاں رک گئیں،احتجاج کا یہ سلسلہ کئی گھنٹے جاری رہا جس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو شدید سردی میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔