1 جون 2012
وقت اشاعت: 18:40
پنجاب کےساتھ بجلی کی فراہم میں ناانصافی کی جارہی ہے،رانا ثنا
اے آر وائی - صوبائی وزیرقانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے ساتھ بجلی کی فراہم میں ناانصافی کی جارہی ہے، بغیر کسی معاہدے کے پنجاب کی سات سو میگا واٹ بجلی کراچی کو فراہم کی جارہی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب میں بجلی چوری سب سے کم اوربلوں کی ادائیگی سب سے زیادہ ہے، صوبے میں لائن لاسز کم سے کم دس فیصد اور ریکوری زیادہ سے زیادہ 99.8 فیصد ہے جبکہ حیدرآباد میں لائن لاسز 34 فیصد ریکوری 59.1 فیصد، کوئٹہ لائن لاسز 20 فیصد جبکہ 41 فیصد ریکوری ہے۔ رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ پشاور 35 فیصد لائن لاسز 78 فیصد ریکوری، جبکہ کے ای ایس سی لائن لاسز 35 فیصد اور 85 فیصد ریکوری ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن پنجاب کارڈ استعمال نہیں کررہی اور نہ ہی لوڈشیڈنگ پر سیاست کرنا چاہتی ہے، پنجاب کا گلا گھونٹا جارہا ہے زرداری ٹولہ پنجاب سے انتخابی حمایت نہ ملنے کا بدلہ لینا چاہتا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب پر بجلی کے منصوبے تیار نہ کرنے کا الزام تو لگایا جاتا ہے لیکن ایک منصوبے کی منظوری کے لئے نیپرا 400 دن لگاتا ہے اتنی مشکل منظوری مرحلے میں کیسے منصوبے لگائے جاسکتے ہیں۔