1 جون 2012
وقت اشاعت: 19:2
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ،مختلف شہروں میں ہڑتال
اے آر وائی - پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ٹرانسپورٹ تنظیموں کی اپیل پر ملک کے مختلف شہروں میں پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے۔ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
پشاور میں لوکل ٹرانسپورٹ اور ویگن ایسوسی ایشن کی کال پرپٹرولیم مصنوعات کی قیتموں میں اضافے اور کرایے نہ بڑھانے کے خلاف جزوی ہڑتال کی جارہی ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے طلباء اور ملازمت پیشہ افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ٹرانسپورٹ تنظیموں نے احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ نے کرایوں میں ردوبدل کیلئے اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد، ٹیکسلا، گوجر خان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں آل پاکستان ٹرانسپورٹ گڈز کی کال پر ہڑتال کی جارہی ہے۔ صدر ٹرانسپورٹ گڈز خیبر پختونخوا اور پنجاب ملک نثار نے کہا ہے نوٹس نہ لیا گیا تو اشیاء خوردو نوش کی قلت کی ذمہ داری بھی حکومت پر عائد ہوگی۔