2 جون 2012
وقت اشاعت: 0:44
کراچی: ٹرینوں کی آمد و رفت میں حسب معمول تاخیر،مسافرپریشان
اے آر وائی - ٹرینوں کی آمد و رفت میں حسب معمول تاخیر کی وجہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پشاور جانیوالی ٹرین خیبرمیل کے مسافروں کو روانگی کیلئے چھ گھنٹے سے زیادہ انتظار کرنا پڑا۔ مسافروں کی طرف سے شدید احتجاج کیا گیا۔
خیبر میل کو رات دس بجے کراچی سے روانہ ہونا تھا تاہم انجن کی عدم دستیابی کے باعث ٹرین میں تاخیر ہوئی۔ ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی آنے والی ٹرین تیز گام کے انجن کو خیبر میل میں لگایا جاتا ہے جو پندرہ گھنٹے تاخیر سے رات تین بجے کراچی پہنچی۔ جس کے بعد خیبر میل کو چار بجکر پینتیس منٹ پر روانہ کیا گیا۔
ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ انجن اور جنریٹر نہ ہونے کی وجہ سے خیبر میل روانہ نہیں ہو سکی۔ مسافروں نے تاخیر کے باعث سخت احتجاج کیا اور ریلوے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔