29 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 21:53
سندھ کی قوم پرست جماعت پیپلزپارٹی ہے، قائم علی شاہ
اے آر وائی - وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے حالیہ بارشوں سے ہلاک ہونیوالے اکتیس افراد کو فی کس تین لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر قائم علی شاہ نے کہا کہ قوم پرست صرف سندھ کے نعرے لگاتے ہیں عوام کی خدمت نہیں کرتے ۔ جی ایم سید نے 1970میں ایک جیالے سے الیکشن ہارا جس کے بعد انہوں نے صرف نعرے مارے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوام کی خدمت اور روزگار فراہم کیا ہے اور سندھ کی قوم پرست جماعت پیپلزپارٹی ہے اور آئندہ انتخابات بھی پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔ بارش سے متاثر ہونے والے افراد کی امداد اور ان کے ازالے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ ہے جلد متاثرین کی امداد کی جائیگی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات آغا سراج درانی اور صوبائی وزیر تعمیرات آغا تیمور خان موجود تھے۔