تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
13 نومبر 2012
وقت اشاعت: 14:46

کراچی: کالعدم تنظیم کے چار مبینہ دہشتگرد گرفتار

اے آر وائی - کراچی میں سی آئی ڈی پولیس نے کالعدم تنظیم کےچارمبینہ دہشتگردوں کو گرفتارکرلیا۔ پولیس نےدعویٰ کیا ہے کہ ملزمان محرم الحرام میں دھماکے کرکے فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کررہے تھے۔ دیگر کارروائیوں میں رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کرکے درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔



کراچی میں قتل و غارت گری کابازارگرم ہونے کےبعد باالاخر قانون نافذ کرنےوالے ادارے حرکت میں آگئے۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کےمطابق کالعدم تنظیم سےتعلق رکھنےوالےچارمبینہ دہشتگردوں کوگرفتارکرلیا۔ پولیس کےمطابق ملزمان محرم الحرام میں دھماکےکرکےفرقہ وارانہ فسادات کی سازش کررہے تھے۔



چوہدری اسلم نے بتایاکہ ملزمان نے وزیرستان میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کی اور ان کا سرغنہ آصف چھوٹو وزیرستان میں ہے۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق شہر سے اٹھاسی مقامات سے آٹھ مفرور ملزمان سمیت درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈالمیا کے علاقے شانتی نگر میں پولیس نے چھ مفرور ملزمان گرفتار کئے۔ جمشید ٹاؤن کے علاقے بلوچ پاڑہ سےچار مطلوب ملزمان سمیت پندرہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سی آئی ڈی پولیس نے گرفتار ٹارگٹ کلر کی نشاندہی پر سپر ہائی وے پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔



رینجرز نے بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے تئیس افراد کو حراست میں لیا۔ کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں رینجرز سے مقابلے میں ایک ملزم زخمی ہوا۔ لیاقت آباد میں سندھی ہوٹل پر رینجرز نے چھاپہ مار کر مشکوک افراد کو حراست میں لیا۔ ڈبل سواری پرپابندی کی خلاف ورزی کے الزام میں بھی درجنوں افراد دھرلیےگئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.