تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
5 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 13:49

کراچی:امام مسجد سمیت مزید چار افراد لقمہ اجل بن گئے

اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں سیاسی کارکن اور امام مسجد سمیت مزید چار افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مشتعل افراد نے ایم اے جناح روڈ پر شدیدہنگامہ آرائی کی ۔کئی علاقوں میں کشیدگی کے باعث کاروباری مراکز بھی بند ہو گئے ۔



شہر قائد مسلسل دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ۔ جمشید روڈ پر فائرنگ سے سیاسی جماعت کا سیکٹر ممبر زاہد قادری جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کے بعد گرومندر، نمائش اور جمشید روڈ پرشدید کشیدگی پھیل گئی ۔ نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کی اور کاربار بند کروا دیا۔ ایم اے جناح روڈ پر بھی شدید ہنگامہ آرائی کی ۔ ٹائر جلائے اورٹریفک بند کردی ۔



نیوکراچی تین نمبر کے قریب فائرنگ سے پیش امام جاں بحق ہو گئے ۔جس کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے اورکاروباری مراکز بند کر دیئے گئے۔ بوٹ بیسن کے قریب بھی نامعلوم افراد نے ایک شخص کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ۔ طارق روڈ پرکار شوروم میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملازم تنویر بنگش کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔



قائد آباد میں نامعلوم افراد نے شبنم نامی خاتون کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، پولیس نے واقعہ کو ذاتی دشمنی کا شاخشانہ قرار دیا۔ دوسری جانب گلشن اقبال اور سہراب گوٹھ میں شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف دو ڈاکو مبینہ پولیس مقابلوں میں مارے گئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.