تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21

اداکار خیام سرحدی انتقال کرگئے

بی بی سی اردو - پاکستان کے معروف اور سنیئر ٹی وی اداکار خیام سرحدی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ۔ ان کی عمر باسٹھ برس ہے۔

خیام سرحدی کو جمعرات کی شام دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ انہوں نے اپنے پسماندگان میں چار بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔

خیام سرحدی جمعرات کو ایک ڈرامے کی عکس بندی سے واپس آئے تو انہیں دل میں تکلیف محسوس ہوئی جس پر انہیں مقامی ہسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

ٹی وی اداکار خیام سرحدی ہدایتکار ضیاء سرحدی کے بیٹے تھے اور ان کا شمار ملک کے منجھے ہوئے اداکاروں میں ہوتا تھا۔ فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی دیا گیا۔

ہمارے نامہ نگار عبادالحق کا کہنا ہے کہ خیام سرحدی ممبئی میں پیدا ہوئے اور پھر اپنے گھر والوں کے ساتھ لاہور آگئے اور یہاں سے کراچی منتقل ہوگئے۔

خیام سرحدی نے بیرون ملک امریکہ سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد ستر کے دہائی میں ڈرامہ ’ْایک تھی مینا‘ سے اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا ۔ان کے مشہور ڈراموں میں دہلیز، داستان ، لازوال ، من چلے کا سودا ،غلام گردش اور سورج کے ساتھ ساتھ شامل ہیں۔

خیام سرحدی نے اپنی فنی زندگی میں دو فلموں ’بوبی‘ اور ’ڈاکو‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔انہوں نے قائداعظم پر بننے والی دستاویزی فلم میں سردار عبدالرب نشتر کا کردار ادا کیا تھا۔

ان کی پہلی شادی خاندان میں عطیہ سے ہوئی جبکہ انہوں نے دوسری شادی اداکارہ صاعقہ سے کی ۔ان کی پہلی بیوی سے ایک اور دوسری بیوی سے تین بیٹیاں ہیں۔

خیام سرحدی کی نماز جنازہ جمعہ کے روز لاہور میں ان کی رہائش گاہ ڈیفنس میں ادا کی جائے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.