9 جون 2011
وقت اشاعت: 9:26
انگلش کاؤنٹی سیزن میں عبدالرزاق کے بلے کا جادو چل گیا
اے آر وائی - مانچسٹر : عالمی کپ کے بعد ٹیم سے ڈراپ کئے جانے والے پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق نے روایتی جارحانہ اننگ سے انگلش کاؤنٹی سیزن میں لیسسٹرشائر کو کامیابی سے ہم کنار کرادیا۔ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کاؤنٹی سیزن کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں لنکا شائر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں ایک سو باسٹھ رنز بنائے۔
جواب میں لیسسٹر شائر کی اننگز کی ابتداء کچھ اچھی نہ رہی۔پندرویں اوور میں صرف ننیانوے رنز پر لیسسٹر شائر کے چھ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ میچ میں لنکاشائر کو اپنی فتح واضح نظر آرہی تھی۔ کہ تب ہی پاکستانی آل راؤنڈر نے اپنے بلے کا جادو چلانا شروع کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے میچ کی شکل ہی بدل ڈالی۔ عبدالرزاق نے صرف تیس گیندوں پر باسٹھ رنز بناکر لیسسٹر شائر کی واضح شکست کو فتح میں تبدیل کردیا۔ عبدالرزاق باسٹھ رنز اور ایک وکٹ کے ساتھ میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔