23 مارچ 2016
وقت اشاعت: 7:37
وطن سےمحبت کا قرض اتارنے واپس آرہا ہوں ، رستم خان
جیو نیوز - اوسلو.....شفقت علی رضا..... 1990میں پنجابی فلم’ عشق‘ سے اپنے فنی کیئریر کا آغاز کرنے والے معروف اداکار رستم خان جو گذشتہ کئی سالوں سے فلمی دُنیا کو خیر باد کہہ کر ناروے آن بسے تھے انہوں نے پاکستان کی فلم انڈسٹری کو اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے پاکستان واپس آنے کا ارادہ کر لیا ہے ۔
روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئےرستم نے پاکستان واپسی کا ارادے کے متعلق بتایا کہ فلمی شائقین کی محبتیں ہر فنکار اور تخلیقی آدمی کا اثاثہ رہی ہیں ،اسی طرح مجھے بھی آج تک پاکستانیوں سے ملنے والی وہ محبتیں نہیں بھولیں۔
انہوں نے کہا کہ میں چند سال سے ناروے میں ہوں ، یہاں رہتے ہوئے کسک ہے کہ مجھے میری پہلی ہی فلم کی نمائش پر جو پذیرائی ملی تھی وہ میں پاکستانیوں کوواپس نہیں لوٹا سکا ، کیونکہ اس پذیرائی کی وجہ سے ہی میں اداکار بنا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ فلم کے ساتھ ساتھ میںنے ٹیلی ویژن اور اسٹیج پر بھی کام کیا ، رستم خان نے کہا کہ کچھ دن پہلے میں نے میڈیا پر دیکھا کہ پاکستان کی کچھ فلموں نے دنیا کے بڑے فلمی فیسٹیولز میں اور خاص کر انڈیا سے بھی مختلف شعبوں میں ایوارڈز حاصل کئے ہیں اور شوبز کے تمام شعبوں میں تعلیم یافتہ لوگوں کی آمد ہو ئی ہے، اس خبر نے میرا سینہ چوڑا کر دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مجھے کراچی ، اسلام آباد اور لاہور سے بہت سے شو بزپروڈیوسرز نے رابطہ بھی کیا کہ میں پاکستان واپس آکر اپنے فنی کیریئر کو دوبارہ سے شروع کروں ۔تمام پروڈیوسرز کا یہی کہنا تھا کہ اب پاکستانی فلم اور ڈرامہ کوان لوگوں کی ضرورت ے جن کو پہلے سے اس میدان میں کچھ تجربہ رہا ہو اور ان پرانے لوگوں میں ایک میں بھی ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ میں اس وقت یہ بات نہیں کرونگا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری پر زوال کیوں آیا ؟یا اس کا ذمہ دار کون تھا ؟کیونکہ اس زوال کا ذمہ دار کوئی ایک آدمی یا چند افراد نہیں ہیں اس کی ذمہ دار ہماری ساری قوم ہے کیونکہ ہماری عوام اب جا کر کہیں انڈین فلموں سے بور ہونا شروع ہوئی ہے حالانکہ یہ سلسلہ بہت پہلے ہو جانا چاہیئے تھا ۔
ہماری قوم کو اپنے لوگوں اور اپنے ملک پر فخر کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان میں انڈیا سے زیادہ با صلاحیت فنکار موجود ہیں مجھے انڈیا میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی لیکن میں ٹھکرا دی تھی ۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی تمام خدمات اپنے وطن پاکستان کو پیش کرنا چاہتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ پاکستانی عوام مجھے بہت جلد پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں ضرور دیکھیں گے،میں پاکستان آرہا ہوں اور ہمیشہ اب پاکستان میںہی رہوں گا ۔
رستم خان کا کہنا تھا کہ آج میں بڑے وثوق سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جو محبتیں مجھے پاکستانی عوام سے ملی ہیں وہ میرے ضمیر میرے سینے اور میری روح پر بہت بڑا قرض ہیں جسے میں لوٹا تو نہیں سکتا لیکن اسے لوٹانے کی ایک کوشش ضرور کر سکتا ہوں جس کے لئے میں پاکستان آرہا ہوں شوبز میں اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے اور پاکستانی عوام کے لئے شوبز کی فیلڈمیںمجھ سے جتنابن پڑا وہ میں ضرور کرونگا ۔