تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
4 اپریل 2016
وقت اشاعت: 11:21

برلن فلم فیسٹیول کا شاندار آغاز، فلمی ستاروں کی کہکشاں سج گئی

جیو نیوز - برلن.... ہالی وڈ کے مقبول ستاروں کے جھرمٹ میںبرلن فلم فیسٹیول کا آغاز ہو گیا ۔ اس فلم فیسٹیول کی جیوری میں معروف امریکی اداکارہ میریل اسٹریپ بھی شامل ہیں۔

جیوری کی صدارت کی ذمہ داری اس مرتبہ میریل اسٹریپ کے سر ہے۔ اسٹریپ کے ساتھ ساتھ برطانوی اداکار کلو اوون بھی سات رکنی جیوری کا حصہ ہیں۔ جیوری بیس فروری کو گولڈن بیئر حاصل کرنے والی فلم کا اعلان کریں گے۔

گولڈن بیئر کی دوڑ میں دنیا بھر سے کل اٹھارہ فلمیں شامل کی گئی ہیں۔ گزشتہ برس یہ ایوارڈ ایرانی فلمساز جعفر پناہی کی تخلیق ’ ٹیکسی‘ کے حصے میں آیا تھا۔اس مرتبہ یورپ میں مہاجرین کے بحران کے موضوع پر بھی بنائی جانے والی فلمیں بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر اطالوی ڈائریکٹر جیافرانکو روزی کی دستاویزی فلم ’ فائر ایٹ سی‘ بھی دکھائی جا ئے گی جس کی کہانی اطالوی جزیرے لامپے ڈوسا کے گرد گھومتی ہے۔ افریقہ سے زیادہ تر مہاجرین اسی جزیرے پر پہنچتے ہیں۔ اس فلم کو وینس فلم فیسٹیول میں کئی انعامات سے نوازا جا چکا ہے۔

اس تناظر میں اس میلے کے ڈائریکٹر ڈیٹر کوسلک نے کہا، ’’مہاجرین 1951ء میں برلن فلم فیسٹیول کے قیام کے بعد سے ایک اہم موضوع رہا ہے۔ یہ سرد جنگ کا دور تھا اور دوسری عالمی جنگ کو ختم ہوئے ابھی صرف چھ برس گزرے تھے۔‘‘

برلینالے کے دوران مختلف فلموں کے ہزاروں ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی مہاجرین کے لیے وقف کی گئی ہے۔

گیارہ روزہ اس میلے میں چار سو سے زائد فلمیں شہر کے مختلف سنیما گھروں میں دکھائی جائیں گی۔ 66 ویں برلینالے کا افتتاح فلمساز بھائیوں جوئل اور ایتھن کوئن کی فلم ’ ہیل سیزر‘ سے ہوا۔ فلم میں جارج کلونی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ کلونی نے اپنی اہلیہ امل اور فلم کے دیگر اداکار چیننگ ٹاٹم اور ٹلڈا سونٹن کے ساتھ ریڈ کارپٹ پرجلوے بکھیرے۔

سن2011ء میں بھی کوئن برادرز کی’ ٹرو گرٹ‘ برلن فلم فیسٹول کی افتتاحی فلم تھی۔فیسٹیول کے دوران فلم ’آلون ان برلن‘ کی بھی نمائش کی جائے گی ۔ یہ فلم ہانس فلاڈا کے ناول پر مبنی ہے۔ اس میں نازی دور کی ایک سچی کہانی بیان کی گئی ہے۔

اس میلے کا شمار فرانس کے کینزفلم فیسٹیول اور اٹلی کے وینس فلم فیسٹیول کے ساتھ یورپ کے تین بڑے فلمی میلوں میں ہوتا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.