تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21

انڈسٹری کیلئے گیلانی کی 5کروڑامدادکااعلان

اردو ٹائمز - پی ٹی وی ایوارڈز کی تقریب میں وزیراعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کی طرف سے پانچ کروڑ روپے کی امداد کے اعلان پر ملکی فلمی صنعت سے وابستہ فلمسازوں، ہدایتکاروں اور اداکاروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان فلم فائونڈیشن کی چیئرپرسن ہدایت کارہ سنگیتا نے کہا ہے کہ اس امداد سے ایک جدید پروسیسنگ لیبارٹری اور جدید کیمرے حکومت خودخرید کر اپنی زیرنگرانی فلمسازوں کو استعمال کیلئے دے تاکہ جدید فلمسازی سے فلموں کا معیار بڑھایا جا سکے۔ ہدایت کار الطاف حسین نے کہا کہ پانچ کروڑ روپے امداد اگرچہ تھوڑی ہے مگر حکومتی سطح پر فلم انڈسٹری کیلئے اچھے کام کی ابتداء خوش آئند بات ہے۔ ہدایت کار سلم ڈار نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت مزید امداد فراہم کرے گی تاکہ انڈسٹری کے غریب ہنر مند کارکنوں کی مالی امداد بھی ہو سکے۔ سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی، فلمساز چوہدری اعجاز کامران نے بھی وزیراعظم کی طرف سے فلم انڈسٹری کی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے بارش کا پہلا قطرہ قرار دیا ہے۔ فلمسٹار و ہدایت کارہ ریما خان نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی امداد حکومت کا ایک اچھا اقدام ہے۔ اداکار غلام محی الدین نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پانچ کروڑ روپے کی امداد کا صحیح استعمال ضروری ہے اور امید ہے کہ فلمساز معیاری فلمیں بنا کر حکومتی سطح پر اپنے آپ کو بہتر ثابت کرینگے۔ ہدایت کار سید نور نے حکومتی امدادی کو مفید قرار دیتے ہوئے اچھی فلموں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اداکارہ وینا ملک نے کہا کہ اچھی فلمیں بنا کر ہم عوام اور حکومتی سطح پر مقام پیدا کر سکتے ہیں، غریب ہنر مندوں نے اس امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.