9 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 7:31
چیمپئنزٹرافی ہاکی:آسٹریلیااعزازکےدفاع میں سرخرو
اے آر وائی - چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان آسٹریلیا اعزاز کے دفاع میں سرخرو ہوگیا۔ فائنل میں آسٹریلوی ٹیم نے نیدر لینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ میچ کافیصلہ کن گولڈن گول اضافی وقت میں کیرن گوورز نے کیا۔
میلبرن میں میزبان آسٹریلیااور نیدر لینڈ کے درمیان فائنل کا فیصلہ مقررہ وقت میں نہیں ہوسکا۔سولہویں منٹ پر ہالینڈ کے سینڈر بارٹ نے پینلٹی کارنر پر میچ کا پہلا گول کیا اور اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل آسٹریلیا کے فورڈ نے مقابلہ برابرکردیا۔آسٹریلیا کو پینلٹی اسٹروک کی صورت میں برتری لینے کا موقع ہاف ختم ہونے کی وجہ سے ضائع ہوگیا۔
دوسرے ہاف میں ایک دوسرے کے گول پر حملوں کے باوجود کوئی ٹیم گول نہیں کرسکی اور مقررہ وقت کے اختتام پر میچ ایک ایک سے برابررہا۔اضافی وقت کے چوتھے منٹ میں کیرن گوورز نے گولڈن گول کرکے آسٹریلیا کو چیمپئن بنادیا۔ آسٹریلیا نے مسلسل پانچویں اور مجموعی طور تیرہویں مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرلی۔