9 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 10:31
کولکتہ ٹیسٹ:انگلینڈ نےبھارت کوشکست دیدی
اے آر وائی - انگلینڈ نے بھارت کوتیسرے ٹیسٹ میں سات وکٹوں سے ہرادیا۔چار میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کودو ایک کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی۔انگلش ٹیم نے اٹھائیس سال بعد بھارت میں دوٹیسٹ جیتے ہیں۔
ایڈن گارڈن کولکتہ میں ٹیسٹ کے آخری دن بھارت نے نو وکٹوں کے نقصان پر دوسوانتالیس رنز سے نامکمل اننگز شروع کی۔بھارت کی آخری وکٹ آٹھ رنز کے اضافے سے گرگئی اورپوری ٹیم دوسو سینتالیس رنز پر آؤٹ ہوئی۔پراگیان اوجھا کو اینڈرسن نےتین رنز پر بولڈکیا۔انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن اور اسٹیوفن نے تین تین اور گریم سوان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کو فتح کیلئے صرف اکتالیس رنز کا ہدف ملا۔جس کے حصول کیلئے انگلش ٹیم کے تین کھلاڑی ایلسٹر کک، ٹروٹ اور پیٹرسن آؤٹ ہوگئے۔این بیل اٹھائیس اور نک کامپٹن نو رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ایلسٹرکک مین آف دی میچ قرار پائے۔
انیس سوچوراسی کے بعد ایلسٹرکک بھارت میں دو ٹیسٹ جیتنے والے پہلے کپتان ہیں انہوں نے کہاکہ اس وکٹ پر بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن کو تین سو رنز تک محدود رکھ کر بولرز نے فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ جمعرات سے ناگپور میں کھیلاجائیگا۔