19 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 16:4
ایشین چیمپینزٹرافی،پاکستان اپنا پہلا میچ کل جاپان سےکھیلے گا
اے آر وائی - دوسری ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کل سے شروع ہورہا ہے۔ ایونٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ جاپان کے خلاف کھیلے گی۔ ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں چھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ بھارتی ٹیم اعزاز کا دفاع کریگی۔ دیگر ٹیموں میں پاکستان،اومان، چین، ملایشیا اور جاپان شامل ہے۔
پاکستان ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ بیس دسمبر کو جاپان کیخلاف کھیلے گی۔ دفاعی چیمپیئن بھارت سے ٹکراو اکیس اور ملائیشیا سے آمنا سامنا بائیس دسمبر کو ہوگا۔ ایک روز کے وقفے بعد پاکستانی ٹیم اپنے چوتھے مقابلے میں چین کیخلاف چوبیس دسمبر کو مدمقابل ہوگی۔ چھبیس دسمبر کو پاکستان اور عمان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ فائنل ستائیس دسمبر کو کھیلا جائیگا۔
ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے ایڈیشن کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو مقابلے برابر ہونے کے بعد پینلٹی شوٹ آوٹ پر چار دو سے ہرا کر چیمپیئن بننے کا اعزاز کیا تھا۔ اب پاکستانی ٹیم گولڈ میڈل سینے پر سجانے اور چیمپیئن بننے کا عزم لیکر کھیلے گی۔