27 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 6:25
ٹی ٹوئنٹی سیریزجیت کرقوم کونئےسال کا تحفہ دیں گے،محمد حفیظ
اے آر وائی - پاکستان کے کپتان محمدحفیظ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر قوم کو نئے سال کا تحفہ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں احمدآباد پہنچ گئیں۔آج سردار پٹیل اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔
قومی کرکٹ ٹیم نے بدھ کی شام کو احمدآباد پہنچنے کے کچھ دیر بعد جم میں ٹریننگ کی۔ سردار پٹیل اسٹیڈیم میں آج بھارتی ٹیم صبح اور پاکستان ٹیم شام کے سیشن میں ٹریننگ کریگی۔جس میں قومی ٹیم بیٹنگ،بولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کریگی۔ پاکستان کے کپتان محمدحفیظ نے کہاکہ پہلے ٹی ٹوئنٹی کی فتح سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے اور تمام کھلاڑی سیریز جیت کر قوم کو نئے سال کا تحفہ دینا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اوپنرز کی خراب کارکردگی کے باوجودمیچ وننگ ٹیم میں کسی تبدیلی کا ارادہ نہیں ہے۔ بھارت کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہاکہ اچھے آغاز کے بعد ہم نے پندرہ رنز کم بنائے، سیریز برابر کرنے کیلئے بیٹنگ کو زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان کے فاسٹ بولر محمدعرفان نے پریشان کیا۔حیرت ہے اسے پہلے موقع کیوں نہیں مل سکا۔