27 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 9:26
پاکستان کرکٹ ٹیم جولائی میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی
اے آر وائی - پاکستان کرکٹ ٹیم جولائی میں ویسٹ انڈیز کا مکمل دورہ کرے گی۔ پی سی بی اگست میں نیوٹرل وینیو پر بھارت کی میزبانی کا خواہاں ہے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ اگست میں بھارت اور سری لنکا سے سہ فریقی سیریز کے انعقاد کیلئے پاکستان سے ہوم سیریز دوحصوں میں کرانا چاہتاتھا تاہم پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کو پروگرام کے مطابق جولائی میں مکمل دورے کیلئے قائل کرلیا۔
سیریز میں دوٹیسٹ ،پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔پی سی بی آفیشل نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ مسئلہ حل کرلیا گیاہے اور پاکستان ٹیم اب پروگرام کے مطابق جولائی کے آغاز میں ویسٹ انڈیز جائے گی۔
پاکستان بورڈ کو توقع ہے کہ وہ بھارت کو اگست میں نیوٹرل وینیو پر کھیلنے پر آمادہ کرلے گا۔ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف اس ہفتے پاک،بھارت ون ڈے سیریز دیکھنے جارہے ہیں جہاں وہ بھارتی بورڈ سے اس بارے میں بات چیت کریں گے۔