1 جنوری 2013
وقت اشاعت: 5:57
بنگلہ دیش کا سیکورٹی کو جواز بنانا درست نہیں، ذکا اشرف
اے آر وائی - بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سیکورٹی کو بہانہ بنا کر ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے پر پی سی بی چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کا سیکورٹی کو جواز بنانا درست نہیں۔
نئی دہلی سے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے کہا کہ اس سال اپریل میں بنگلہ دیش کا سیکورٹی وفد پاکستان کی صورتحال سے مطمئن ہوکر گیا تھا۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ بنگلہ دیش بورڈنے کرنا تھا اور پی سی بی نے کبھی بھی ان سے زبردستی نہیں کی۔
ذکا اشرف نے کہا کہ کراچی میں بین الاقوامی کرکٹرز پر مشتمل ٹیم پاکستان کا دورہ کرچکی ہے لہذا سیکورٹی کو جواز بناناٹھیک نہیں۔ پی سی بی نے ایک اعلامیہ میں تردید کی ہے کہ بنگلہ دیشی بورڈ نے دورہ کے بارے میں اب تک کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ ا ن کی مصروفیت دیکھنے کے بعد کرے گا۔