3 جنوری 2013
وقت اشاعت: 19:57
ایڈن گارڈنز کولکتہ، بھارتی تماشائیوں کے بدلتے رنگ
اے آر وائی - پاکستان نے بھارت کو کولکتہ میں پچاسی رنز سےشکست دی۔۔دھونی الیون کی کارکردگی نےایک بارپھربھارتی تماشائیوں کومایوس کیا۔ شور مچانے والےتماشائی پاکستان کی فتح یقینی دیکھ کرغمگین ہوگئے۔
گرگٹ کی طرح رنگ بدلتا کھیل کرکٹ۔ اس کھیل کودیکھنے والوں کے چہروں کا رنگ بھی تبدیل ہوتارہتاہے۔ یہی کچھ ہوا ایڈن گارڈن کولکتہ میں۔ دوسرے ون ڈے کیلئےبھارتی تماشائی ایک کانٹے کے میچ کی توقع کررہےتھے۔ بھارت نے ٹاس جیتا تو تماشائی ایسے خوش ہوئے جیسے میچ جیت لیاہو۔ یہ وہی اسٹیڈیم تھاجہاں پاکستان نے ایک روزہ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست نہیں کھائی تھی۔
کسی کرشمے کی آرزو میں آنے والے تماشائیوں نےمیچ کےآغاز میں آسمان سرپراٹھالیا۔ لیکن جب محمد حفیظ اور ناصرجمشید نے پاکستان کو عمدہ آغاز فراہم کیاتوبھارتیوں کو سانپ سونگھ گیا۔ پاکستان کی وکٹیں گرناشروع ہوئیں توبھارتی تماشائیوں نے اتنا شورمچایاکہ کان پڑی آوازسنائی نہیں دیتی تھی۔ دوسو پچاس رنز پر پاکستان کی آخری وکٹ گری توبھارتیوں کو فتح یقینی نظر آنےلگی۔
جواب میں بیالیس کےمجموعی اسکورپر جنیدخان نے گوتم گھبیر کوآؤٹ کیاتو پھر پورے میچ میں بھارتی تماشائیوں کو خوشی دیکھنا نصیب نہیں ہوئی۔ بھارتی وکٹیں خزاں رسیداپتوں کی طرح گرتی رہیں اور تماشائی اٹھ کرگھروں کو جاتے رہے۔ نویں وکٹ گری توبعض تماشائیوں کے آنسونکل پڑے۔ بھارتی اتنے رنجیدہ تھےکہ دھونی کی ففٹی بھی ان کے چہروں پر خوشی نہ لاسکی۔