6 جنوری 2013
وقت اشاعت: 14:13
پاکستان تیسرا ون ڈے ہار کر سیریز جیت گیا
اے آر وائی - ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کا بھارت کو اس کی سر زمین پر وائٹ واش کرنے کا خواب چکنا چور ہو گیا ۔ پاکستان تیسرا ون ڈے دس رنز سے ہار گیا ۔ ایک آسان ہدف حاصل کرنے میں پاکستان کی ٹیم ناکام ہو گئی ۔ پاکستان کی پوری ٹیم ایک سو اڑسٹھ رنز کا معمولی ہدف حاصل نہ کر سکی ۔ یکے بعد دیگرے پاکستانی بیٹسمین پویلین لوٹتے رہے ۔ پاکستان کی پوری ٹیم ایک سو ستاون رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ۔ تیسرے ون ڈے میں بھارت کی پوری ٹیم ایک سو سڑسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ بھارت نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے ایک سو اڑسٹھ رنز کا ٹارگٹ دیاتھا ۔
پاکستان کی جانب سے ہدف کا تعاقب سست انداز میں شروع ہوا ۔ پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اوپنر کامران اکمل کوئی رن بنائے بغیر بھووینشور کمار کی گیند پر ایل پی ڈبلیو ہوگئے ۔ ان کے بعد یونس خان بھی صرف چھ رنز بنا کر کمار کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ ناصر جمشید آج لمبی اننگز نہیں کھیل سکے انہوں نے چونتیس رنز بنائے اور اشون کی گیند پر ایل پی ڈبلیو ہوگئے ۔ کپتان مصباح الحق نے انتالیس رنز بنائے انہیں رحانے کی گیند پر اشون نے کیچ آئوٹ کیا۔ عمر اکمل پچیس رنز بنا کر اسٹمپ ہو گئے۔ شعیب ملک نے پاکستانی اسکور میں صرف پانچ رنز کا اضافہ کیا۔ عمر گل گیا رہ رنز بنا سکے ۔ سعید اجمل ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جنید خان رن آئوٹ ہوگئے ۔ محمد حفیظ نے اکیس رنز بنائے ۔ بھارت کی جانب سے کمار اور اشون نے دو دو جبکہ ایشانت شرما نے تین جدیجا اور شامی احمد نے ایک ایک وکٹ لی ۔
قبل ازیں دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا۔ بھارتی بلے باز پاکستان بالرز کی نپی تلی بالنگ کا سامنا کرنے میں ناکام رہے۔ بھارت کی پہلی وکٹ انیس رنز پر گری اور اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ بھارت کی جانب سے آج بھی ان کے کپتان دھونی نے سب سے زیادہ چھتیس رنز بنانے۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل سب سے کامیاب بالر رہے جنہوں نے چوبیس رنز دے کر پانچ کھلاڑی آؤٹ کیئے جبکہ محمد عرفان نے دو محمد حفیظ، عمر گل، جنید ٰخان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کھیلے گئے دونوں ون ڈے جیت کر قومی ٹیم سیریز تو اپنے نام کرچکی تھی۔ چنئی کے پہلے و ن ڈے میں پاکستان نے چھ وکٹ سے فتح حاصل کی اور پھر کولکتہ میں پچاسی رنز سے کامیابی حاصل کی۔