8 جنوری 2013
وقت اشاعت: 7:4
لائنل میسی چوتھی مرتبہ سال کے بہترین فٹبالر
اے آر وائی - فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ارجنٹائن اور بارسلونا کے اسٹار فٹبالر لائنل میسی کو سال کا بہترین فٹبالر قرار دے دیا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت زیورخ میں منعقدہ تقریب میں لائنل میسی کو سال دو ہزار بارہ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بیلون ڈی اوٴر دیا گیا۔
سال کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز کے لیے ہسپانوی کلب رئیال میڈریڈ کے کرسٹیانو رونالڈو اور بارسلونا کے اینڈریاس انیسٹا کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ لیکن چالیس فیصد ووٹس حاصل کرکے میسی ایوارڈ کے حقدار ٹھہرے۔
دی میزائل میسی نے مسلسل چوتھی مرتبہ سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ جیتا ہے۔ سال دوہزار بارہ میں میسی نے اپنے کلب بارسلونا اور ارجنٹائن کیجانب سے کھیلتے ہوئے ریکارڈ اکیانوے گول اسکور کیے اور جرمن کھلاڑی گرڈ مولر کا چالیس سالہ ریکارڈ بھی توڑا ہے۔