16 جنوری 2013
وقت اشاعت: 16:55
ہاکی انڈیا لیگ،پاکستانی کھلاڑیوں کی آج وطن واپسی متوقع
اے آر وائی - بھارت میں ہونے والی ہاکی انڈیا لیگ میں عدم شرکت کے بعد نو پاکستانی کھلاڑیوں کی آج وطن واپسی متوقع ہے۔ ہاکی انڈیا لیگ میں پاکستان کے نو کھلاڑیوں کی نیلامی ہوئی تھی لیکن لائن آف کنٹرول کے واقعات پر بھارتی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے احتجاج کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو لیگ میچز کھیلے بغیر وطن واپس بھیجا جارہا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں ممبئی میجیشن فرنچائز میں شامل محمد توثیق، محمود رشید، فرید احمد اور عمران بٹ وطن واپس لوٹیں گے۔ بقیہ پانچ کھلاڑی جنھیں مختلف فرنچائز کی نمائندگی کرنا تھی اگلے مرحلےمیں آمد متوقع ہے۔ ہاکی انڈیا لیگ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت پاکستانی کھلاڑیوں کو رقم پوری ادا کی جائے گی۔