تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
22 جنوری 2013
وقت اشاعت: 18:2

آسٹریلین اوپن:نوواک اور ڈیوڈ فیئریرسیمی فائنل میں پہنچ گئے

اے آر وائی - ٹینس کے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ اور اسپین کے ڈیوڈ فیئریر آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ خواتین مقابلوں میں چین کی لی نا اور روس کی ماریا شراپووا نے بھی آخری چارمیں جگہ بنالی۔



میلبورن میں جاری رواں سال کے پہلے گرینڈ سلم ٹینس مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں سربیا کے نوواک جوکووچ نے جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیچ کو سخت مقابلے کے بعد چھ ایک، چار چھ، چھ ایک اور چھ چار سے شکست دے کر سیمی فائنل میںپہنچ گئے، جہاں ان کا سامنا اسپین کے فور سیڈ ڈیوڈ فیئریر سے ہوگا۔ فیئریر نے کوارٹر فائنل میں ہموطن نکولس الماگرو سے پہلے دو سیٹس چار چھ چار چھ سے ہارنے کے بعد کم بیک کرتے ہوئے اگلے تین سیٹس سات پانچ، سات چھ اور چھ دو سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔



خواتین مقابلوں میں چین کی لی نا نے پولینڈ کی اگنیسکا رڈوانسکا کواسٹریٹ سیٹس میں سات پانچ اور چھ تین سے ہراکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ روس کی ٹینس کوئین ماریا شراپووا سے ہوگا۔ شراپووا نے ہموطن ایکا ٹرینا ماکاروا کو یکطرفہ مقابلے میں چھ دو اور چھ دو سے زیر کیا۔



کوارٹر فائنل میں سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر کا مقابلہ فرانس کے جو ولفریڈ سونگا سے ہوگا جبکہ برطانیہ کے اینڈی مرے فرانس کے جرمی چارڈی کے مدمقابل ہونگے۔ خواتین مقابلوں میں امریکہ کی سرینا ولیمز کا سامنا ہموطن سلونی اسٹیفنز سے ہوگا تو عالمی نمبر ایک بیلاروس کی وکٹوریہ ازارینکا روس کی سویتلانہ کوزنیٹسووا سے مقابلہ کریں گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.