23 جنوری 2013
وقت اشاعت: 5:42
ہیروزکوخراج تحسین ، ہال آف فیم پاکستان کی تشکیل
اے آر وائی - دنیا بھر کی طرح اپنے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہال آف فیم پاکستان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ کرکٹ میں صرف عمران خان جبکہ ہاکی میں چار کھلاڑیوں کو لیجنڈ کا درجہ دینے کی تجویز دے دی گئی۔
ہال آف فیم پاکستان اسپورٹس کیٹیگری کے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کے لئے لاہور میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود کی سربراہی میں کرکٹ کمیٹی نے ہیرو، آئی کون اور لیجنڈ کے لئے اٹھائیس کھلاڑیوں کے نام تجویز کئے۔
عمران خان کے ساتھ لیجنڈ کے لئے نامزد کھلاڑی وسیم اکرم کا نام جسٹس قیوم کمیشن کے فیصلے کے پیش نظر التوا کا شکار ہو گیا جبکہ وقار یونس، سعید انور اور شعیب اختر کے نام بھی التوا کا شکار ہوئے۔
پی ایچ ایف کے صدر قاسم ضیا نے ائیر مارشل نور خان، بریگیڈیئر عاطف، منیر ڈار اور شہباز سینئر کو لیجنڈ کے لئے نامزد کیا۔ ہال آف فیم کا حتمی اعلان 23 مارچ کو ہوگا۔