23 جنوری 2013
وقت اشاعت: 18:12
راجر فیڈرر اوراینڈی مرے سیمی فائنل میں پہنچ گئے
اے آر وائی - آسڑیلین اوپن ٹینس کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور برطانیہ کے اینڈی مرے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ خواتین مقابلوں میں وکٹوریہ ازارینکا اور سلونی اسٹیفنز بھی آخری چار میں جگہ بنائے میں کامیاب ہوگئیں ۔
میلبورن میں جاری رواں سال کے پہلے گرینڈ سلم ٹینس مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں امریکہ کی سرینا ولیمز کو ان کی ہم وطن سلونی اسٹیفنز نے ایک سیٹ کے خسارے میں جانے کے باوجود اپ سیٹ شکست دے دی۔ اسٹیفنز نے تین چھ سات پانچ اور چھ چار سے کامیابی حاصل کی۔
خواتین آخری کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر ایک وکٹوریہ ازارینکا نے روسی کھلاڑی سویتلانہ کوزنیٹسووا کو اسٹریٹ سیٹس میں ہر ا کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی جہاں ان کا مقابلہ اسٹیفنز سے ہوگا۔ خواتین کا دوسرا سیمی فائنل روس کی ماریہ شراپووا اور چین کی لی نا کے درمیان ہوگا۔
مینز سنگلز کے تیسرے کوارٹر فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے باآسانی فرانس کے جرمی چارڈی کو چھ چار، چھ ایک اور چھ دو سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچے۔ منیز سنگلز کا آخری کواٹر فائنل میں ورلڈ نمبردو راجر فیڈرر نے فرانس کے جوولفریڈ سونگا کو تین گھنٹے اور چونتیس منٹ کے اعصاب شکن مقابلے میں سات چھ،چارچھ،سات چھ،تین چھ اور چھ تین سے کامیابی حاصل کی۔
سیمی فائنل میں فیڈرر کا مقابلہ اینڈی مرے سے ہوگا۔ مینز سنگلز کا دوسرا سیمی فائنل سربیا کے نوواک جوکووچ اور اسپین کے نمبر چار سیڈ دیوڈ فیئررکے درمیان کھیلا جائے گا۔