24 جنوری 2013
وقت اشاعت: 13:27
آسٹریلین سائیکلنگ:دوسرا مرحلہ انگلینڈ کے گیرنٹ تھامس کے نام
اے آر وائی - اولمپک چیمپئین سائکلسٹ انگلینڈ کے گیرنٹ تھامس نے آسٹریلین ٹور ڈاون انڈر ریس کا دوسرا مرحلہ جیت لیا۔ ماونٹ بارکر سے روسٹریور تک ریس کا دوسرا مرحلہ ایک سو سولہ اعشاریہ پانچ کلو میٹر پر مشتمل تھا۔
انگلش سائیکلسٹ گیرنٹ تھامس نے ریس کا جارحانہ آغاز کیا اورتمام حریف رائیڈرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے پہلے فنشنگ لائن عبور کی۔ تھامس نے مقررہ فاصلہ دو گھنٹے چوالیس منٹ اور اٹھارہ سیکنڈ میں طے کیا۔ اسپین کے ہاویر مورینو بازن ایک سیکنڈ کے فرق سے دوسرے اور بیلجئیم کے بین ہیرمینز اتنے ہی وقت کے ساتھ تیسرے نمبر پر آئے۔
دوسرے مرحلے میں تھامس نے کنگ اف دی ماونٹین کا اضافی پوائنٹ بھی حاصل کیا۔ دوسرے مرحلے کے اختتام پر تھامس نے چھ گھنٹے انیس منٹ اور بتیس سیکنڈ کے وقت کے ساتھ مجموعی برتری حاصل کرلی ہے۔ مورینو صرف پانچ سیکنڈ کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں۔