25 جنوری 2013
وقت اشاعت: 16:12
پاکستانی خواتین کرکٹرز کو بھارتی ویزے جاری
اے آر وائی - ممبئی میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی خواتین کرکٹرز کو ویزے جاری کردیئے ہیں ۔ ویمنز ورلڈ کپ اکتیس جنوری سے بھارت کے شہر ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم کو جمعرات کو بھارت کے لئے روانہ ہونا تھا تاہم ویزے وقت پر نہ ملنے کے باعث خواتین کرکٹرز اب ستائیس جنوری کو بھارت روانہ ہوں گی۔
بھارتی ہائی کمیشن کے ترجمان کے مطابق خواتین کرکٹر ز کے ویزے جاری نہ کرنے کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں تھا۔ ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا نے پاکستان خواتین ٹیم کے میچز کے دوران گراؤنڈ میں حملہ کرنے کی دھمکی دی تھی جس پر آئی سی سی نے پاکستان کے میچز ممبئی سے کٹک منتقل کر دیئے ہیں۔