31 جنوری 2013
وقت اشاعت: 8:18
خواتین قومی کرکٹ ٹیم
اے آر وائی - پاکستان کی پندرہ رکنی ٹیم ثناء میر کی قیادت میں دسویں ویمنز ورلڈ کپ میں شرکت کر رہی ہے۔ قومی ٹیم کی کپتان ثناء میر بولنگ میں جبکہ نائب کپتان بسمہ معروف بیٹنگ میں سب سے نمایاں ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ویمنز ورلڈ کپ میں تیسری بار شرکت کر رہی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے انیس سو ستانوے میں عالمی کپ کھیلا اور گیارویں نمبر پر رہی۔ دوہزار ورلڈ کپ میں پاکستان نے شرکت نہیں کی جبکہ دو ہزار پانچ ورلڈ کپ کے لئے قومی ویمنز ٹیم کوالیفائی نہیں کرسکی۔
دو ہزار نو میں ہونے والے وارلڈ کپ میں قومی ٹیم نے حصہ لیا اور چھٹی پوزیشن حاصل کی۔رواں سال ہونے والے عالمی کپ میں قومی ٹیم نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ قومی ٹیم کی قیادت ثناء میر کر رہی ہیں۔
ثناء نے آل راوٴنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باون ایک روزہ میچز میں چھ سو بیالیس رنز بنائے ہیں جبکہ باون کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں بھی کامیاب رہیں۔ فاسٹ بولر قانطہ جلیل کی کارکردگی بھی قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے پنتالیس میچز میں پنتیس کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ بیٹنگ میں نائب کپتان بسمعہ معروف کی کارکردگی سب سے نمایاں ہے۔
بسمعہ نے سنتالیس ون ڈے میچز میں تین نصف سنچریز کی مدد سے آٹھ سو بائیس رنز اسکور کئے ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹسمین جویریہ خان بھی کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے چونیس میچز میں چھ سو اٹھائیس رنز اسکور کر رکھے ہیں۔
جویریہ کا بہترین اسکور ارسٹھ رنز ہے۔ ورلڈ کپ کے لئے قومی ٹیم کی تیاریاں تو مکمل ہیں اب ورلڈکپ میں قسمت کی دیوی پاکستان ویمن ٹیم پر کتنی مہربان رہتی یہ تو ایونٹ کے بعد معلوم ہوگا۔