4 فروری 2013
وقت اشاعت: 4:56
جوہانسبرگ ٹیسٹ، پاکستان کوجیت کیلئے 297 رنز درکار
اے آر وائی - جوہانسبرگ ٹیسٹ کے تیسرے روز اسد شفیق اور مصباح الحق کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے کھیل کے اختتام تک چار وکٹ پرایک سو تراسی رنز بنالیے تھے۔ جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم میچ بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ چار سو اٹھارہ رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین ایک بار پھر ناکام رہے۔
ناصر جمشید چھیالیس، محمد حفیظ دو، اظہر علی اٹھارہ اور یونس خان پندرہ رنز بناکر پویلین لوٹے تو لگتا تھا کہ میچ تیسرے روز ہی ختم ہوجائے گا لیکن اسد شفیق اور کپتان مصباح الحق نے ذمے داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں ایک سو ایک رنز بنالیے۔
تیسرے روز کھیل کے اختتام پراسد شفیق تریپن اور مصباح چوالیس رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز تین وکٹ پر دو سوپچھہتر رنز پر ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو چار سو اسی رنز کا ہدف دیا تھا۔
اے بی ڈی ویلیئر کیرئیر کی پندرہویں سینچری اسکور کی وہ ایک سو تین اور ہاشم آملہ چوہتر رنز بناکر ناٹ آوٴٹ رہے۔ ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے پاکستان کو مزید دو سو ستانوے رنز کی ضرورت ہے اور اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔