13 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 13:6
فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائر،ارجنٹائن اور پیرو کامیچ 1-1سے برابر
اے آر وائی - فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائرز میں ارجنٹائن اور پیرو کا میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔سات میچوں کے بعد ارجنٹائن ساؤتھ امریکی گروپ میں چودہ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ لیمامیں ارجنٹائن نے میزبان پیرو کے خلاف میچ کا آغاز دفاعی انداز سے کیا۔
پیرو کو تیسرے ہی منٹ پر پینلٹی مل گئی لیکن کلاڈیو پیزارو کی کک ارجنٹائن کے گول کیپررومیرو نے روک لی۔ پیرو کے کارلوس نے بائیس ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی لیکن پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل ارجنٹائن گونزالو ہیگوئن کے گول کے ذریعے مقابلہ برابرکرنے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسرے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔ورلڈکپ کوالیفائر ساؤتھ امریکا گروپ میں ارجنٹائن چودہ پوائنٹس کے ساتھ نمبرون ہے۔کولمبیا اور ایکویڈور ایک پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں۔